غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے ، پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فرض خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی،پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ پشاور دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرنے والےپاک فوج کے افسروں اور سپاہیوں سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے ان کی بہادری اور مثالی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور وہ افواج کی کامیابیوں کا بھی اعتراف کرتی ہے۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ کامیابی ہمارا مقدر ہے ، پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا اپنا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔آرمی چیف نے پہلی قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا (NWKP-1) کے شرکا سے بھی خصوصی خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے ملک کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، غیر قانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔