باجوڑ میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ قومی اسمبلی کے امیدوار قتل

باجوڑ:باجوڑ میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ قومی اسمبلی کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ریحان زیب خان کو الیکشن کمپین کے دوران نامعلوم افراد نے گولیاں ماریں۔ انہیں شدید زخمی حالت میں خار اسپتال لے جایا گیا ، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صدیق آباد کے علاقے میں پیش آیا ، فائرنگ کی زد میں آ کر تین افراد زخمی بھی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ریحان زیب خان این اے 8 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سبی میں جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے تھے۔