محرم الحرام ،اورکزئی میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ناکہ بندیاں جاری

اورکزئی:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی نذیر احمد خان تنولی کی نگرانی میں محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے ضلع بھر میں خصوصی ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی نذیر احمد خان تنولی نے کہا کہ امن و امان کی بحالی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سنیپ چیکنگ کا مقصد موجودہ حالات کے پیش نظر شرپسند و جرائم پیشہ عناصر کی چیکنگ اور ان کا قلع قمع کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ناکہ بندیوں کے دوران کالے شیشوں اور کم عمر موٹرسائیکل سواروں اور بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف حسب قانون کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حسب الحکم بالا کے احکامات پر روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندیوں وگشت کا سلسلہ جاری رہے تاکہ امن و امان قائم ہو اور عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو،اورکزئی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ڈی پی او اورکزئی نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ناکہ بندیوں پر پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔