کرم: پاکستان ہلال احمر کی جانب سے کوٹ راغہ ڈیم میں مشترکہ تربیتی مشقوں کا انعقاد

کرم: پاکستان ہلال احمر قبائلی اضلاع ضلع کرم کی جانب سے مون سون کے سیلابی ریلوں اور موسم کی شدت میں کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی میں متاثرین کو بہتر امداد فراہم کرنے کیلئے پاک افغان سرحد پر واقع کوٹ راغہ ڈیم میں مشترکہ تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ مشقوں میں ریسکیو 1122 ، ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اٹھاریٹی کے اہلکاروں ، سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد کامران ، ونگ کمانڈر 114 ونگ لیفٹنٹ کرنل عمران الیاس اور ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر پی ڈی ایم اے بھی موجود تھے ۔ ہلال احمر پاکستان ضلع کرم کے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر ذیشان بنگش نے مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ قدرتی آفات میں امدادی اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ کم وقت میں بہتر امدادی کاروائیاں کی جاسکیں۔ ان مشترکہ مشقوں کے دوران ایک طرف اگر اچھی تربیت حاصل کرنے کی کوشش کی گئی و دوسری طرف امدادی اداروں کے کارکنان اور رضاکاروں کو ای خوبصورت تفریحی مقام کی سیر کا موقع بھی فراہم کیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد کامران اور ونگ کمانڈر 114 ونگ لیفٹنٹ کرنل عمران الیاس سمیت تمام موجود عمائدین نے ڈیم کے پانی میں امدادی کاروائیوں کی مشقوں میں تمام شرکاء کی کارکردگی کو سراہا۔ اور بہترین کارکردگی پر انہیں شاباش دی اور ساتھ ٹرینیز کے کام کو سراہا گیا ۔