ضلع باجوڑ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جلد فنڈز ریلیز کی جائیگی

باجوڑ: کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ضلع باجوڑ میں التواء کا شکار ہونیوالے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جلد ازجلد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائینگے تاکہ مفاد عامہ کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوسکے اور ان کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع باجوڑ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر سول کالونی خار میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ انورالحق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نذیر خان، سابق گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان، سینیٹر ہدایت اللہ خان، سابق ایم این اے شہاب الدین خان، باجوڑ کے ترکھانی واتمانخیل قبائل کے مشران، سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور وی سی چیئر مینز نے بھی شرکت کی۔کھلی کچہری کے موقع پر باجوڑ کے سیاسی وقومی مشران نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو باجوڑ کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ فنڈز کی بندش سے التوا کے شکار منصوبوں کو فنڈز جاری کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہو، ژالہ باری سے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، پاک افغان تجارتی راستوں کو کھولنے سمیت دیگر مطالبات شامل تھے۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کہا کہ مجھے ان مسائل کا احساس ہے اور ان کو متعلقہ فورمز پر پیش کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس استثنیٰ کے معاملے پر میں اپنے لوگوں کیلئے وکیل کا کردار ادا کرونگا اور انشاء اللہ ٹیکس استثنیٰ میں توسیع دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جلد فنڈز ریلیز کی جائیگی۔قبل ازیں کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں پرتعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر کو باجوڑ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ دفاتر میں عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ سرکاری اہلکار محدود وسائل میں عوام کو اپنے خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں اور عوام کے خادم بن کر کام کریں۔ کمشنر نے دورے کے موقع پر پودا بھی لگایا۔ کمشنر نے قدرتی آفات کیوجہ سے فوت ہونیوالے افراد کے لواحقین، زخمیوں اور گھروں کے مالکان میں معاوضوں کے امدادی چیکس بھی تقسیم کئے۔