ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام باجوڑفیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب سے افتتاح

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں ڈسٹرکٹ باجوڑ میں تاریخ میں پہلی مرتبہ باجوڑ فیسٹیول کاافتتاح رنگارنگ تقریب سے ہوا۔ جس میں پہلے روز باجوڑ کی روایتی گیم سخی سمیت کبڈی، رسہ کشی، مارشل آرٹس کے مقابلوں سمیت علاقائی روایتی موسیقی کا بھی انعقاد کیاگیا۔ محکمہ سیاحت ، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی ، ٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ، ضلعی انتظامیہ باجوڑ اور باجوڑسکائوٹس کے باہمی اشتراک سے شروع ہونے والے دوروزہ باجوڑ فیسٹیول میں کھانے پینے کی اشیاء، ہینڈی کرافٹ، بچوں کو فیسٹیول میں لطف اندوز کرنے کیلئے جوکر تماشا، پلے ایئریا، جمپنگ پیڈ اور نوجوانوں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے ۔فیسٹیول میں رسہ کشی میں اتمان خیل گرین کی ٹیم نے ماموند ٹائیگرز کو دو صفر جبکہ ماموند کی ٹیم نے کبڈی میں خار کی ٹیم کو تین کے مقابلے میں دو سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی جبکہ مارشل آرٹس کے مختلف مقابلے پیش کئے گئے۔ فیسٹیول میں سکول طلباء نے مختلف ٹیبلو بھی پیش کئے ۔باجوڑ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے ضم اضلاع میں کھیلوں سمیت صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد اور وہاں کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینا ہے ۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ضم اضلاع ونگ اس سے قبل بھی صوبے کے ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کاانعقاد کرچکا ہے جس میں ڈسٹرکٹ خیبر، اورکزئی، وانا، ٹانگ، وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔