خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کا باجوڑ فیسٹیول منعقد کرنے کافیصلہ

پشاور: محکمہ سیاحت ، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ نے ماہ اکتوبر میں باجوڑ فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کاانعقاد باجوڑ سپورٹس کمپلیکس خار میں 15اور16 اکتوبر کوہوگا ۔باجوڑ فیسٹیول میں سائیکل ریس، 4×4 جیپ ریلی، بائیکرز ریلی، مارشل آرٹس مقابلے، کبڈی، سکول بچوں کے ٹیبلوسمیت روایتی اتنڑ ڈانس ، محفل موسیقی اور کھانے پینے کے سٹالز سجائے جائینگے۔فیسٹیول میں 15 اکتوبر کو محفل موسیقی اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ باجوڑ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے ضم اضلاع میں کھیلوں سمیت صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد اور وہاں کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینا ہے ۔خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ضم اضلاع ونگ اس سے قبل بھی صوبے کے ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کاانعقاد کرچکا ہے جس میں ڈسٹرکٹ خیبر، اورکزئی، وانا، ٹانگ، وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔