عمران خان خود بنی گالا میں چھپ کر عوام کو سڑکوں پر بلا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان خود بنی گالا میں چھپ کر عوام کو سڑکوں پر بلا رہے ہیں، عمران خان عوام کو احتجاج کی کال نہ دیں، اپنی نالائقی اور نااہلی کا ماتم کریں، عوام جانتے ہیں کہ مہنگائی کی تباہی عمران خان لائے، آئی ایم ایف سے کمزور بنیادوں پر معاہدہ عمران خان کر کے گئے، آج ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار بھی عمران خان ہیں، انشاء اللہ عمران خان کی مہنگائی کی لگائی گئی آگ بجھائیں گے۔جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان! عوام چند ہیروں، سینکڑوں کنال زمین اور مالی فوائد کے لئے قومی اور عوامی مفاد پر سودا کرنے والوں کے ساتھ نہیں نکلتے، عوام جھوٹے، منافق، نالائق اور نااہل کے ساتھ نہیں نکلتے ، نالائقوں، نااہلوں، چوروں اور آئین شکنوں کی کال پر کوئی نہیں نکلتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے ذمہ دار، خونی مارچ والوں اور مسلح جتھوں کے ساتھ نہیں نکلتے۔ عوام بے گناہ پولیس والوں کو گولیاں مار کر شہید کرنے والوں کے ساتھ نہیں نکلتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کال نہ دیں، اپنی لائی گئی مہنگائی اور معاشی تباہی کی ذمہ داری کا اعتراف کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ اور عوام سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تباہی اور مہنگائی کا گند عمران خان نے پھیلایا، حکومت اسے صاف کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے سازش کی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، حکومت ملک اور عوام کو بچانے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کی ساکھ خطرے میں ڈالی، اس کے ذمہ دار عمران خان آپ ہیں