اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی مہمند ڈیم کیلئے 72ملین ڈالر قرض دیگا

اسلام آباد:حکومت پاکستان نے مہمند ڈیم پن بجلی منصوبہ کے لیے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی (او ایف آئی ڈی)کے ساتھ قرض کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ ویانا میں پاکستان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے منصوبہ کے لئے او ایف آئی ڈی کے ساتھ قرض کے معاہدے پر دستخط کیے، جو اسلامی ترقیاتی بینک، کویت فنڈ اور سعودی فنڈ کے تعاون سے چل رہا ہے۔معاہدے کے تحت اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے 72 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ قرض کے معاہدے پر آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر اور اوپیک فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمید الخلیفہ نے دستخط کئے۔مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں واقع ہے، یہ منصوبہ ملک کی نصب شدہ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 800 میگاواٹ کا اضافہ کرے گا اور ایک بار مکمل ہونے کے بعد پشاور شہر کے 20 لاکھ رہائشیوں کو پینے کا پانی بھی فراہم کرے گا۔یہ منصوبہ تقریباً 15 ہزار ہیکٹر کھیتوں میں فصلوں کی زیادہ پیداوار کے ذریعے خوراک کی حفاظت کو بھی بہتر بنائے گا جبکہ سیلاب کی روک تھام میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔ ڈیم میں 1.6 ملین کیوبک میٹر کے ذخائر اور ڈائیورشن سرنگیں ہوں گی جو نئی اور موجودہ آبپاشی کی نہروں میں پانی ڈالیں گی۔