قبا ئلی ضلع کرم کے زمینداروں کو تمام تر سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر واصل خان خٹک

کرم:ضلع کرم کے زمینداروں کو تمام تر سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں۔ زمینداری شعبہ ہائے زندگی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت زمینداروں کی ترقی اور انہیں تمام تر وسائل فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کرم واصل خان خٹک نے محکمہ ایگریکلچرل آفس پاراچنار میں محکمہ زراعت میں ٹشو کلچر لیبارٹری اور گرین ہاوس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زرعی تحقیق قبائلی اضلاع فضل وہاب، پراجیکٹ ڈائریکٹر قبائلی اضلاع، مفتاح الدین، ڈائریکٹر سی سی آر آئی پیر سباق نوشہرہ ڈاکٹر عبدالباری، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر شعبہ زرعی توسیع محمد فیاض اور سیکرٹری ٹو ایم پی اے ارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے۔ تقریب میں ضلع بھر سے زمینداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضل وہاب، مفتاح الدین اور ڈاکٹر عبدالباری نے اپنے خطاب میں کہاکہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع میں زمینداروں کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اور ان مسائل کو حل کرنے کیلیے عملی اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ٹشو کلچر لیبارٹری اور گرین ہاوس جیسے عملی اقدامات اس کا زندہ مثال ہے۔ انہوں نے ٹشو کلچر لیبارٹری کی فوائد بھی تفصیل کیساتھ بیان کئے۔ اس موقع پر زمینداروں نے انکے حق میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔