کرم:اسسٹنٹ کمشنر شاہ وزیر کا علی شیرزئی ایریا کا تفصیلی دورہ، جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ

کرم:ڈپٹی کمشنر کرم واصل خان خٹک کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سنٹرل کرم شاہ وزیر خان نے تحصیلدار وریخمین بادشاہ کے ہمراہ علاقہ مرغان، علی شیرزئی ایریا کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے مرغان میں جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا اور غیر معیاری و ناقص میٹریل کے استعمال پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے سول ویٹرنری ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا۔معائنے کے دوران ڈسپنسری کو سرکاری نظام الاوقات کے دوران مکمل بند پایا گیا جس پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک کو متعلقہ سٹاف کے خلاف فوری طور پر قانونی کاروائی کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کو مرغان میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجینئر سلیم خٹک نے واٹر سپلائی سکیم پر بریفنگ دی اور تنازعے کے متعلق بھی بتایا جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری طور پر مشران کیساتھ جرگہ کرکے علاقائی رواج کے متعلق تنازعے کو حل کردیا۔انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں کا بھی دورہ کیا ۔