خیبر پختونخوا حکومت کا قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو باروزگار بنانے کی جانب سفر تیزی سے جاری ہے ،محمد اقبال وزیر

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کا قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو باروزگار بنانے کی جانب سفر تیزی سے جاری ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات پر اور وزیر ریلیف محمد اقبال وزیر کی ذاتی کاوشوں سے ریسکیو 1122 کے پروجیکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا بل منظور کیا گیا۔ وزیر ریلیف بحالی وابادکاری اقبال خان وزیر نے قبائلی اضلاع سمیت تمام اضلاعن کے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختو نخوا کے مختلف اضلاع بشمول حالیہ ضم شدہ اضلاع کے 4 ہزار سے زائد اہلکار جو پروجیکٹ پر بھرتی ہوئے تھے اب مستقل کردیے گئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کین نوجوانوں کی محرومیوں کا ازالہ تیزی سے کیا جارہا ہے ضم اضلاع کے نوجوانوں میں کافی صلاحیتیں موجود ہیں حکومت ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے انہیں تمام مواقع فراہم کررہے ہیں۔ضم اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وژن ہے اور اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موجودہ حکومت وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھارہی ہے جسکے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں۔اقبال خان وزیر نے کہا کہ ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تمام محکموں میں روزگار کے برابر مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جس سے قبائلی اضلاع میں بے روزگاری میں خاطر خوا کمی آئی ہے۔ روزگار کے علاوہ قبائلی اضلاع میں بنیادی انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں کافی ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں اور زیادہ تر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جسکی تکمیل سے ضم اضلاع میں معاشی خوشحالی آئیگی۔ صوبائی وزیر نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو مستقل کرنے پر وزیراعلی محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔