ضلع باجوڑ نے انٹر مدارس کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی

پشاور: انٹر مدارس گیمز میں باجوڑ نے ضلع خیبر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، جمخانہ کرکٹ گرائونڈ پر منعقد ہ فائنل میچ میں باجوڑ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 108 رنز بنائے جس میں افتاب 35،مدثر 25 اور کلیم 21 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ، خیبرکی جانب سے مدثر اور اسامہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ، جواب میں مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ضلع خیبر کی ٹیم آخری اوورز میں 102 رنز بناسکی ، خیبر کی جانب سے اسامہ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے گرائونڈ کے چاروں طرف شاندار سٹروکس کھیل کر 75 رنز بنائے ۔،اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر سید عبدالله شاہ مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راحید گل ملاگوری ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فضل اکبر خلجی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں خیبر نے کرم کو پانچ وکٹوں سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں باجوڑ نے سب ڈویژن بنوں کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد بیس رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیراہتمام جمخانہ گرائونڈ پر جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل خیبر اور کرم کے مابین کھیلاگیا جس میں ضلع کرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 87 رنز بنائے جس کے جواب میں ضلع خیبرنے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔ دوسرے سیمی فائنل میں باجوڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 108 رنز بنائے جواب میں سب ڈویژن بنوں کی ٹیم 88 رنز بناسکی ۔