قبائلی اضلاع کے دینی مدارس کے طلبہ کا کھیلوں میں حصہ لینا ہی اصل تبدیلی ہے،کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید

پشاور:انٹر مدارس سپورٹس چمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں شروع ہوگئی ان گیمز میں ضم اضلاع کے 800 سے زائددینی مدارس کے طلباء 7 مختلف گیمز میں حصہ لیں گے۔ان گیمز کا باضابطہ افتتاح کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کیا ان کے ہمراہ سیکرٹری سپورٹس طاہر اورکزئی ،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خالد خان ، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ، ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اﷲ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ومیڈیا فوکل پرسن اعوان حسین ڈائریکٹرسلیم رضا، ایڈمن آفیسر سید جعفرشاہ،سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیراہتمام تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی ضم اضلا ع دینی مدارس کے مابین سپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں کرکٹ ، فٹبال ، والی بال ، رسہ کشی ، ایتھلیٹکس ، بیڈمنٹن اور قراء ت کے مقابلے شامل ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈر پشاو ر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے دینی مدارس کے طلبہ کا کھیلوں میں حصہ لینا ہی اصل تبدیلی ہے مدارس کی تعلیم طلبہ کو آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، مدرسہ ایک متوازی تعلیمی نظام ہے جو لوگوں کو دین سے جوڑتا ہے، تعلیم کا مقصد نوجوانوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانا ہے یہ سوچنا ہوگا کہ کیا مدارس کے طلبہ ڈاکٹر اور انجینئر بن سکتا ہے اسی طرح ایک یونیورسٹی سے پڑھا ہوا نوجوان کسی مسجد کا خطیب بن سکے بدقسمتی سے آج مدرسے کا نام سنتے ہی لوگوں کے ذہن میں سوال پیدا ہوتے ہیں،ان دو نظام تعلیم کے درمیان روابط پیدا کرنا ضروری ہے ایسے کھیلوں کے مقابلے مدارس کے حوالے سے لوگوں کا ذہن بدل دیں گے، قیام پاکستان کے وقت 230 مدارس اور 5 ہزار کے قریب طلبہ تھے ۔ آج 30 ہزار سے زاید مدارس کے 20 ملین سے زائد طلبہ تعلیم فراہم کر رہے ہیں نظام تعلیم میں دینی مدارس کے مقام کو آگے بڑھانا ہے مدارس کو سسٹم میں لانا ہے ان کو ختم کرنے کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، مدارس میں ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز بھی قائم کرنے پر غور کر رہے ہیںانہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ یہاں سے مثبت پیغام لے کر جائیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداﷲ شاہ اورسیکرٹری سپورٹس طاہر اورکز ئی نے بتایا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر ضم قبائلی اضلاع کے مختلف مدارس کے بچوں اور طلبا کو صحت مندانہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹر مدرسہ سپورٹس چیمپئن شپ پانچ جون تک پشاور کے مختلف گرائونڈ ز پر منعقد ہوگی جس میں کھلاڑی بیڈمنٹن رسہ کشی، ایتھلیٹکس، والی بال اور قرات کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس ، کرکٹ مقابلے جمخانہ کرکٹ گرائونڈ اور فٹبال میچز طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پر منعقد ہونگے۔ڈائریکٹر سپورٹس اضلاع پیر عبداللہ شاہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ضم شدہ اضلاع میں مدارس کے طلبا کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔جسکا مقصدمدارس کے طلبا میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ تاکہ وہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ قرات کے مقابلوں میں کل 25 طلبا حصہ لیں گے، بیڈمنٹن میں 91 کھلاڑی، کرکٹ میں 195 کھلاڑی، والی بال میں 130، فٹ بال میں 208، شاٹ پٹ میں 20 کھلاڑی اور ٹگ آف وار میں 156 کھلاڑی حصہ لیں گے۔پیر عبداللہ شاہ نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات بروقت مکمل کر لیے گئے ہیں اور امید ہے کہ مختلف مدارس کے طلبا اس سے لطف اندوز ہوں گے۔