خیبر:ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی عوامی مسائل کی تحصیل سطح پر حل اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر شاہ فہد

خیبر: ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی عوامی مسائل کی تحصیل سطح پر حل اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل لنڈیکوتل کا دورہ کرتے ہو ئے کیا، ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نے علاقائی مشران،صحافیوں اور شہریوں سے ملاقات کی ،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل اکبر افتخار احمد ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اشرف الدین تحصیل چیئرمین شاہ خالد، تحصیلدار داود خان، غنچہ گل، تحسین اللہ، محکمہ بلدیات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، محکمہ انڈسٹری، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ٹیسکو ، تحصیل لنڈیکوتل کے افسران بھی موجود تھے، علاقائی مشران اور شہریوں نے لنڈیکوتل بازار کیلئے پانی کی فراہمی، پسید خیل میں بنیادی صحت مرکز کا قیام،لڑکیوں کے سکول کی اپ گریڈیشن، کھیلوں کیلئے گراونڈ،امتحانات کے دوران نقل کا روک تھام، روڈ پر کھڈوں کی مرمت،مچھرمار سپرے، ڈینگی سے بچاو کے حفاظتی اقدامات،بازار زخہ خیل میں ریسکیو 1122 کا قیام اور دیگر بنیادی مسائل کے متعلق ڈپٹی کمشنر خیبر کو اگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نے موقع پر تحصیل انتظامیہ لنڈیکوتل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر حکام کو مسائل کے حل کے حوالے سے سروے کرکے مفصل رپورٹ پیش کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی ضروریات پانی کی فراہمی، تعلیم، صحت سمیت دیگر عوامی مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکیں۔ تحصیل لنڈیکوتل کے مشران، تاجر برادری اور شہریوں نے تحصیل سطح پر انتظامی افسران کی موجودگی میں مسائل سننے اور موقع پر حل کے لئے اقدامات پر ڈپٹی کمشنر خیبر کا شکریہ ادا کیا۔