ضلع خیبر کے ہسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز میں عوام کو ضروری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر شاہ فہد

خیبر: ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نے کہا ہے کہ ضلع خیبر کے ہسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز میں عوام کو ضروری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ضلعی محکمہ صحت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نور ولی خان ، ضلعی سربراہ محکمہ صحت ڈاکٹر ظفر علی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال لنڈیکوتل ڈاکٹر احتشام، انچارج ٹائپ ڈی ہسپتال ڈوگرہ اور جمرود سمیت محکمہ صحت کے دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر کے ہسپتالوں اور مراکز میں عوام کو فراہم شدہ سروسز، ہسپتالوں کے لیے ضروری مشینری، ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ٹیکنیکل عملہ کی کمی، نجی ارگنائزیشن کے زریعے صحت کے لیے ضروریات، بلڈ بینک کی بحالی، ایکشن پلان سمیت دیگر حل طلب امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نے محکمہ صحت حکام کو ہسپتالوں اور دیگر صحت مراکز کی بہتری اور عوام کو سروسز کی فراہمی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کردی ہے۔