باجوڑ:حکومت عوام کو سہولیات دینے کیلئے راغگان سمال ڈیم میں 25کروڑ روپے کا منصوبہ بہت جلد شروع کررہی ہے،انورزیب خان

باجوڑ: خیبر پختونحوا کے وزیر زکوٰة وعشر سماجی بہبود وخصوصی تعلیم اور ترقی خواتین انورزیب خان نے راغگان سمال ڈیم ضلع باجوڑ کا دورہ کیا وہاں پر سیکورٹی اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا، دوردراز علاقوں سے ڈیم کی سیر کیلئے آئے ہوئے سیاح سے ملے اور ان سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا صوبائی وزیر زکوٰة وعشر وسماجی بہبود نے ڈیم پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے وہاں پر موجود پولیس اہلکار، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 کی ٹیم اور نوجوان رضاکاروں کی خدمات کو سراہا صوبائی وزیر انورزیب خان نے راغگان ڈیم کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی خوشی کے موقع پر ڈیم کو عوام کی سیر وتفریح کیلئے ایس او پیز کے تحت کھولا ہے ان ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے پولیس اہلکاروں اور ٹی ایم اے کو سختی سے ہدایت کی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا جائیگا ڈیم میں سیاح واٹر بوٹس کے ذریعے سفر کرسکتے ہیں اور لائف جیکٹس کا پہننا لازمی ہے ڈیم میں لکڑی کی کشتیاں چلانے پر مکمل پابندی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیم میں سیکورٹی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کی میں خود نگرانی کررہاہوں، تمام تر انتظامات صحیح سمت میں جارہے ہیں باجوڑ میں مکمل امن و امان بحال ہوچکا ہے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھری ہوئی ہیں خیبر پختونخوا حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو سہولیات دینے کیلئے ڈیم میں 25کروڑ روپے کا منصوبہ بہت جلد شروع کررہی ہے جس میں واک ٹریک اور پبلک پارک بھی شامل ہیں جس کی وزیراعلیٰ محمود خان نے باقاعدہ منظوری دی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیم میں جتنی بھی واٹر بوٹس اور سٹال لگے ہوئے ہیں اس پرحکومت کی طرف سے کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا ہے اور نہ ہی ان سے کوئی کرایہ وصول کررہی ہیں بلکہ ٹیکس فری ہیں فی الحال پارکنگ وغیرہ پر کسی قسم کا ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ ڈیم میں بعض جگہوں پر تعمیراتی کام جاری ہے جسے بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا اور عیدالاضحی پر جب لوگ آئینگے تو یہاں پرسیاحوں کیلئے بہت سی سہولیات میسر ہونگی صوبائی وزیر انور زیب خان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر پروپیگنڈے کررہے ہیں کہ میں نے ڈیم کو ذاتی مفاد کیلئے کھولا ہے ایسی کوئی بات نہیں جو کچھ کررہاہوں باجوڑ اور باجوڑ کے عوام کی بہتری کیلئے کررہاہوں خوشحال اور ترقی یافتہ باجوڑ دیکھنا چاہتاہوں عوام نے خدمت کا موقع دیا ہے تو اس پر پورا پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔