شمالی وزیر ستان: پولیس شہداء کے بچوں اور لواحقین میں امدادی چیک تقسیم

شمالی وزیر ستان: ضلعی پولیس سربراہ فرحان خان (پی ایس پی) نے شہداء پولیس کے لواحقین میں شہداء پیکج کے تحت چیک تقسیم کئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرحان خان ( پی ایس پی) اور ایس ڈی پی او ہیڈکوارٹر سید جلال وزیر کے سربراہی میں ڈی پی او آفس میں 48 شہداء ( ضم ہونے سے پہلے اور ضم ہونے کے بعد شہید ہونیوالے پولیس فورس کے اہلکارز) کے لواحقین میں شہداء پیکج کے تحت چیک تقسیم کئے اس سلسلے میں ڈی پی او آفس میں منعقدہ تقریب میں شہداء کے لواحقین،بچوں، بیواؤں اور والدین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسر ضلع شمالی وزیرستان نے محکمہ پولیس کے شہداء کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ یہ صرف پولیس فورس کے نہیں بلکہ پوری قوم کے شہداء ہیں اور ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو بھولے نہیں دینگے اور نہ ہی کبھی بھولیں گے، ہمیں ان کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے یہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں ہر سال چار اگست یوم شہداء کی مناسبت سے مناتے ہیں ہر سال منعقد ہونیوالا یوم شہدائے پولیس درحقیقت پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے اور اشتراک عمل کو بڑھانے کا ایک سنہری موقع ہے جس سے بھر پور استفادہ وقت کی ضرورت ہے، اُنہوں نے کہا کہ ہر مواقع پر اُنہیں یاد کرنا پولیس کے شہداء کے لواحقین کو یہ احساس بھی دلانا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ پوری قوم کی ہمدردی موجود ہے ہمیں شہدا ء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرنا چاہیے اور ان کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا عہد کرنا چاہیے اور یہ سلسلے بدستور جاری رہے گا کیونکہ ان کے پیاروں کی لازوال قربانیوں کی بدولت تمام شہری امن و سکون کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او ہیڈکوارٹر سید جلال وزیر نے کہا کہ پولیس شہداء پر ہمارا فخر ہیں ،جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک میں امن قائم کرنے کیلئے اپنی جانیں قربان کی۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی امن ممکن ہوا ہے۔ شہداء کے ورثاء خود کو اکیلا نہ سمجھیں۔ پولیس فورس میں موجود غازی ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں ۔ جو امن و امان کی خاطر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر جرائم پیشہ عناصر کے سامنے ڈٹے رہے۔ شہداء کے ورثاء اور غازیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔