شمالی وزیرستان اور ضلع خیبر کے متاثرین کیلئے ماہوار نقد امداد اور راشن کی مد میں 37 کروڑ روپے کے فنڈزجاری کر دیئے ہیں ،پی ڈی ایم اے

پشاور : پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان اور ضلع خیبر کے متاثرین کیلئے ماہوار نقد امداد اور راشن کی مد میں 37 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کر دئیے جو کہ آئندہ ایک دو دن میں تمام رجسٹرڈ خاندانوں کو سم کارڈ کے ذریعے سے موصول ہو نا شروع ہو جائیں گے ۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے جاری شدہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فنڈز میں حال ہی میں افغانستان سے واپس انے والے وہ متاثرین بھی شامل ہیں جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 15 ہزار کے قریب وہ متاثرین ہیں جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر ہیں ۔اعلامیہ کے مطابق ہر تصدیق شدہ خاندان کو 12 ہزار نقد امداد جبکہ 8 ہزار راشن کی مد میں دئیے جا رہے ہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین کو ہر ماہ باقاعدگی سے نقد اور راشن کے پیسے دیئے جا رہے ہیں اور اس دفعہ خصوصی طور پر اپنے وقت سے پہلے فنڈز ریلیز کردیئے گئے تاکہ وزیرستان اور خیبر کے بے گھر افراد بھی عید کی خوشیوں میں بھرپور طریقے سے شرکت کر سکیں ۔