خیبر:انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کا جمرود بازار اور باب خیبر کا دورہ

خیبر: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے ضلع خیبر کے جمرود بازار اور باب خیبر کا دورہ کیا ۔باب خیبرکے تار یخی مقام پرپولیس جوانوں کے ساتھ افطار ڈنر کیا۔ آئی جی پی کو اپنے درمیان پا کر پولیس کے جوانوں نے خوشگوار حیرانگی کا اظہار کیا۔ آئی جی پی جوانوں سے گھل مل گئے۔فرداً فرداً سب کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ اور رمضان المبارک میں ڈیوٹی کے دوران اُن کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ اور وہاں پر جوانوں کو دستیاب سہولیات کا بذات خود جائزہ لیا۔اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ دور اْفتادہ علاقے میں قوم کی حفاظت اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر مامور پولیس جوانوں کے ساتھ افطاری کو وہ اپنے لیے انتہائی عزت اور فخر کی بات سمجھتے ہیں۔اور یہاں جوانوں کے ساتھ افطاری سے انہیں جو اطمینان قلب اور سکون ملا ہے۔ اْس کا احاطہ الفاظ میں کرنامشکل ہے۔ ہمارے قبائلی لیویز خاصہ دار فورس جو اب خیبر پختونخوا پولیس میں شامل ہیں، ہمیں ان کے دلیری اور بہادری پر فخر حاصل ہے۔ آئی جی پی نے جوانوں سے کہا کہ آپ دہشت گردوں اور شرپسندوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ آپ ہی کی قربانیوں اور محنت شاقہ کی وجہ سے عوام سکھ کی نیند سو رہے ہیں۔پولیس نے انتہائی نامساعد اور مشکل ترین حالات میں نہ صرف عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داریاں پوری کیں بلکہ بہادری، شجاعت اور فرض شناسی کے انمٹ نقوش بھی چھوڑے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ ہر آزمائش کی گھڑی بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دئیے۔ آئی جی پی نے کہا کہ بے پناہ جانی و مالی قربانیوں کے باوجود فورس کا مورال بلند ہے۔