پاک فوج کے زیر اہتمام قبا ئلی ضلع خیبر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری

خیبر:مئی2018 میں آئین پاکستان کی پچیسویں ترمیم کے تحت سابقہ فاٹا کی ایجنسی خیبر کوضلع کا درجہ ملنے کے بعد سیکیورٹی فورسز بشمول پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور نارتھ نے قلیل مدت میں سکولوں, چھوٹے ہسپتالوں, ڈسپنسریوں, ہیلتھ سینٹرز, صاف پانی کی فراہمی, انفراسٹرکچر اور مواصلات سمیت بڑی تعداد میں دیگر اہم ترقیاتی کام نا صرف مکمل کر لئے ہیں بلکہ کئی پراجیکٹس پر کام جاری ہے. ضلع خیبر کے دور دراز علاقوں میں مکمل کئے جانے والے سکولوں (جن میں نئے تعمیر کئے گئے سکول اور پہلے سے تعمیر شدہ سکولوں کی ازسرنو تعمیر شامل ہے) کی تعداد 32 ہے جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کے پرائمری اور مڈل سکول شامل ہیں. اسی طرح ایف سی نارتھ کی جانب سے صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور ناصرف نئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز تعمیر کئے گئے ہیں بلکہ پہلے سے موجود چھوٹے ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی ازسرنو تعمیر بھی جاری ہے. ضلع خیبر میں اب تک 07 کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز, چھوٹے ہسپتال اور بیسک ہیلتھ یونٹس اور کمیونٹی ہیلتھ یونٹس قائم کئے جا چکے ہیں. جن سے ضلع خیبر کی عوام مستفید ہو رہی ہے. سیکیورٹی فورسز نے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر واٹر سپلا ئی سکیمیں شروع کیں. ضلع خیبر کے دوردراز علاقوں میں اب تک صاف پانی کی فراہمی کے 81 پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں. اور صاف پانی کی فراہمی کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے سیکیورٹی فورسز نے سولر سسٹم بھی لگائے ہیں. سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں مواصلات کے نظام کو موثر بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر بڑی اور چھوٹی سڑکوں کی تعمیر ناصرف مکمل کر لیں ہیں بلکہ کئ علاقوں میں اس پر تیزی سے کام جاری ہے. تاکہ علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رہ سکے. اسکے ساتھ ساتھ دیگر اہم کمیونٹی بیسڈ پراجیکٹس کے ذریعے ضلع خیبر میں مسجدوں, بس سٹینڈز, مارکیٹوں سمیت دیگر اہم ترقیاتی کاموں پر بھی کام جاری ہے. سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں سے ضلع خیبر ترقی کی نئ منزلوں کی جانب رواں دواں ہے. وہ وقت دور نہیں جب یہ ضلع بھی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا.