باجوڑ:سڑکوں کی تعمیرناقص میٹریل کا استعمال برداشت نہیں، انورزیب خان

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے وزیر زکوةوعشر سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین انورزیب خان نے ضلع باجوڑ میں راغگان تا نازکئے اور حاجی لونگ تا پشت روڈز کا دورہ کیا سڑکوں پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کام میں استعمال ہونے مواد کا معائنہ کیا۔ انورزیب خان نے موقع پر متعلقہ ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ سڑکوں پر کام تیز کیا جائے اور مقررہ وقت تک اسکی تکمیل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ روڈز میں ناقص میٹریل کی استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے اورتعمیراتی کام کے معیار پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری مواد استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا مذکورہ روڈز کی تکمیل سے عوام کو آمدورفت کی سہولت میسر ہوگی اور سفری مشکلات حل ہوجائینگے ۔انہوں نے کہا تحریک انصاف حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا سفر جاری رکھا ہے لوگوں کو تمام تر سہولیات مہیا کرنے کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں عوام مطمئن رہیں۔خیبر پختونخوا میں نیا پاکستان کا سفر جاری ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع باجوڑ سمیت تمام ضم قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے وہاں کی پسماندگی اور محرومیاں ختم ہوجائیگی ضم اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے قبائلی ضم اضلاع کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں