شمالی وزیرستان:پولیس فورس امن و امان کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں،معظم جاہ انصاری

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوامعظم جاہ انصاری نے پولیس فورس کے اہلکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض اپنے بہترین استعدادی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ادا کریں اور امن و امان کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے ایک روزہ دورے کے موقع پر پولیس جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں اشفاق انور، ڈپٹی کمشنر نارتھ وزیرستان شاہد علی خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عقیق حسین بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ آئی جی پی نے اپنے دورے کے موقع پر پولیس جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر ان کے مسائل و مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ انہیں فول پروف سیکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کی افرادی قوت اور استعدادی صلاحیتیں مطلوبہ معیار کے مطابق بڑھائی جائیں گی تاکہ درپیش چیلنجز سے بطریق احسن نمٹا جاسکے۔ آئی جی پی نے کہا کہ علاقے میں دیرپا امن کا قیام پولیس فورس کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔آئی جی پی نے اعلی پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ پولیس سے متعلق امور و معاملات میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں اور انہیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنی ٹیم کا حصہ بنائیں۔ آئی جی پی نے ضلع نارتھ وزیرستان میں پولیس کے مختلف زیر تعمیر تنصیبات و عمارات کا دورہ بھی کیا۔قبل ازیں نارتھ وزیرستان پہنچنے پر اعلی پولیس حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا اور پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے یادگار شہداپولیس پر حاضری دی اور شہداکے بلند درجات اور ملک یکجہتی و سلامتی کے لیے دعا مانگی۔