ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی تحصیل لنڈی کوتل میں عوامی مشاروتی سیشن کا انعقاد

خیبر: ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی تحصیل لنڈی کوتل میں عوامی مشاروتی سیشن جرگہ ہال لنڈیکوتل میں منعقد ہوا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور ولی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) حسیب الرحمن خلیل،ممبر صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی، اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل اکبر افتخار احمد،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اشرف الدین، تحصیل چیئرمین شاہ خالد،اقلیتی ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر، تحصیلداران اور لائن محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔علاقائی مشران کی جانب سے مہمان خصوصی اور ڈپٹی کمشنر خیبر کو روایتی لونگی پہنائی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر حسیب الرحمن خلیل نے مہمان خصوصی اور علاقائی مشران کو تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع خیبر میں تین سالوں میں 18ارب17کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں اس میں اب تک 57 سکولوں کی سولرائزیشن کی گئی ہے،صحت کے شعبے میں ضلع خیبر میں 34889 لوگ صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوئے جس میں 39 کروڑ کی ادویات مہیا کی گئی ہیں اور کئی بنیادی صحت سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں،ضلع خیبر میں کل 105540 طلباء میں مفت کتابیں اور سکول بیگ تقسیم کئے گئے اور تمام تحصیلوں میں سکولوں کو فرنیچر مہیا کیا گیا ہے جس میں 200 سکولوں کی چار دیواری کی تعمیر سمیت 282 اضافی کمرے تعمیر کئے گئے ہیں۔بریفننگ کے اختتام پر مشران، کاروباری حضرات اور نوجوانوں نے علاقائی مسائل بیان کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر درکار بنیادی ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں سے حکومتی نُمائندوں کو آگاہ کیا۔ جس میں صحت، مواصلات، تعلیم، زراعت اور خاص کر افغانستان سرحد سے منسلک بارڈر کراسنگ کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے آسان بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کر نے پر زور دیا گیا۔آخر میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے عوامی مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں کام کو جاری رکھتے ہوئے ضلع خیبر کی تاریخی حیثیت کو بحال کریگی اور درہ خیبر کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرکے علاقے میں سیاحتی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں معاون خصوصی نے مشران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُنکے تمام اہم مسائل کو نوٹ کر لیا گیا ہے اور اس کی مفصل رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کی جائیگی اور ترقی یافتہ اور خوشحال خیبر کے حوالے سے آپ کی تمام تجاویز پر بات کرکے عملدرآمد کو یقینی بنائینگے تاکہ حکومتی آنیوالی سکیموں کو عوام کی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جاسکے۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہ فہد نے تجاویز اور مسائل سننے پر ضلعی انتظامیہ اور خیبر کے عوام کی جانب سے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔