خیبر: افواج پاکستان قبائلی عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، میجر جنرل عادل یامین

خیبر:خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل عادل یامین نے مختلف کالجز، سکولوں اور مدرسوں کے طلباء سے ملاقات کی. آئی جی ایف سی نارتھ نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع خیبر خصوصا باڑہ کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں امن و امان کے قیام کے لئے یہاں کی عوام نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بہت قربانیاں دیں. انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں. قبائلی نوجوان پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں اپنے علاقوں کا نام روشن کر رہے ہیں. آ ئی جی ایف سی نارتھ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ کا مطالعہ کریں. صحت مند سرگرمیوں کو اپنائیں. منفی سوچ اور منفی سرگرمیوں سے دور رہیں. دور جدید کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کریں. انٹرنیٹ پر منفی پروپیگنڈا کو بغیر تصدیق کئے آگے کسی سے شیئر مت کریں. ایسے عناصر جو پاکستان اور قبائلی علاقوں کے حالات کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں ان پر نظر رکھیں. میجر جنرل عادل یامین نے طلباء کو علاقے میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا. انہوں نے طلباء کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کو سراہا.