قبا ئلی ضلع خیبرمیں جرائم کے خلاف پاک فوج اور پولیس کا مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

خیبر: ضلع خیبر پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر تھانہ جمرود اور حیات آباد سے متصل علاقوں میں انفارمیشن بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا ہے، ضلع خیبر کے علاقہ شاہ کس میں ہونے والے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں پولیس، پاک آرمی کے جوانوں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادروں کے جوانوں سمیت بی ڈی یو ٹیم، سنیفر ڈاگز اور لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا، مشترکہ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لیتے ہوئے 173 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ سنگین جرائم میں مطلوب متعدد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار افراد کے قبضہ سے غیر قانونی جدید خود کار اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جس میں 13 عدد کلاشنکوف، 20 عدد پستول، 66 عدد رائفل اور ہزاروں مختلف بور کے کارتوس شامل ہیںڈی پی او ضلع خیبر عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے آپریشن کے دوران منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضہ سے 13 کلوگرام آئس، 16 کلو گرام ہیروئن جبکہ ایک کلو گرام چرس بھی برآمد کر لی گئی ہے، اسی طرح 12 عدد مختلف مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہےسی سی پی او محمد اعجاز خان نے حالیہ کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آپریشن کا بنیادی مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سمیت ضلع خیبر میں بھی شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا، سی سی پی او نے سماج دشمن عناصرکے خلاف جاری کریک ڈاون کو کامیاب بنانے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس کو مزید بہتر بنانے اور اس ضمن میں مقامی علماء کرام اور دیگر معززین علاقہ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، انہوں نے آپریشنز جو بتدریج ضلع خیبر کے دیگر علاقوں تک توسیع دینے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے آپریشن کے دوران مقامی علاقہ مکینوں کے تعاون کو بھی سراہا ہے