وزیرستان میں کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے، کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان بھی وطن عزیز پر قربان ہوگئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن سعد اور لانس نائیک ریاض نے جام شہادت نوش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی ختم کرنے کے لئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک گرفتار کیا گیا تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت ساجد، علیم، آفتاب، فضل الرحمان کے نام سے کی گئی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور ایمونیشن برآمد کئے گئے تھے۔