قبا ئلی ضلع مہمند کے نوجوانوں میں بے تحاشہ ٹیلنٹ موجود ہے، ڈاکٹر حیدر علی مہمند

مہمند: قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار قبائل سپرلیگ کے حوالے سے کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے ”فخر مہمند ٹیم“ کا ٹرائل پیس کرکٹ اکیڈمی شاعلم میں منعقد ہوا۔ ٹرائل میں ضلع مہمند کے سینکڑوں کھلاڑیوں، افغانستان کرکٹر شہزاد احمد، ٹیم اونرڈاکٹرحیدرعلی اور مہمند کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے خصوصی شرکت کی۔ ٹرائل پی سی بی ایلیٹ کوچز فیاض خان، عدنان رئیس اور منیجر اظہرعثمان کی نگرانی میں منعقد ہوئیے۔ ٹرائل کے اختتامی تقریب سے ”فخر مہمند ٹیم“ کے اونر ڈاکٹر حیدر علی مہمند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ اور ٹرائل کا مقصد کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مہمند کے کھلاڑی دنیا کی کسی بھی ٹیم سے مقابلہ کرکے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ضلع مہمندکے نوجوان کسی بھی شعبے میں کمزور نہیں اور کرکٹ میں بے تحاشہ ٹیلنٹ ہے مگر بہترین پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے اپنی بھرپور توانائی خرچ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کی کرکٹ پریکٹس کے علاوہ ذہنی، اخلاقی اور انتظامی تربیت کر رہے ہیں تاکہ مہمند کا ٹیلنٹ کھیل اور زندگی کے بہترین ٹریننگ کے ساتھ میدان میں اتریں اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرائل میں جو کھلاڑی سلیکٹ ہونگے انہیں میچز اور ٹورنامنٹ میں بھر پور مواقع دئیے جائینگے مگر ساتھ ہی ساتھ ان کی پرفارمنس، پریکٹس اور حاضری کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹرینگ، پریکٹس اور دیگر سہولتیں مہیا کرکے انہیں بہترین پلیٹ فارم مہیاں کریں گے۔