قبا ئلی ضلع جنوبی وزیرستان میں بلدیاتی الیکشن، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب

جنوبی وزیر ستان:ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان امجد معراج ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فہید اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر فرحان خان نے محسود پریس کلب(رجسٹرڈ) کا دورہ کیا اس موقع پر صدر پریس کلب اشتیاق محسود سمیت کابینہ اراکین موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر امجد معراج نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں 31 مارچ کو ہونے والے انتخابات کو مکمل شفاف بنانے کے لئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں قائم کئے گئے پولنگ سٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرلئے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل شفاف طریقے سے ہوسکے ۔ امجد معراج نے بتایا کہ 30 اور 31 مارچ کو تمام سرکاری تعلیمی ادارے بند ہونگے اور کوئی بھی شخص شکایت کی صورت میں انتظامیہ سے رابطہ کرسکتا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے تباہ شدہ مکانات کے سروے کے حوالے سے کہا کہ 1 لاکھ چار ہزار خاندانوں کا سروے ہوچکا ہے جن میں 47 ہزار خاندانوں کو سروے کی مد میں رقم دی جاچکی ہے اور گزشتہ دو ماہ میں دس ہزار سروے فارمز کلئیر کرکے انکے چیکس کی ڈیمانڈز بھیجی جاچکی ہے ۔ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کی محسود پریس کلب آمد پر اشتیاق محسود و دیگر اراکین نے ان کا شکریہ ادا کیا.