مہمند: حفاظتی ٹیکہ جات دو سال تک بچوں میں بیماریوں کے خلاف قو ت مدافعت پیدا کرتی ہے، ڈاکٹر رفیق حیات

مہمند:حفاظتی ٹیکہ جات دو سال تک بچوں میں بیماریوں کے خلاف قو ت مدافعت پیدا کرتی ہے، بڑے عمر افراد کے مقابلے میں متعدی بیماریاں بچوں کو زیادہ متاثر کرتی ہیں، پیدائش سے لیکر دوسال تک بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگوانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار ایم ای آر ایف کے زیراہتمام ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کے دوران مہمند پریس کلب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رفیق حیات،ڈسٹرکٹ سپروائزر مہمند باجوڑ شاہد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی آئی سبزعلی اور سوشل موبلائزر فضل ہادی نے کیا۔ اس موقع پر پروگرام میں ناظم اپر مہمند حافظ تاج ولی، جے یوآئی ضلع مہمند کے امیر مفتی محمد عارف حقانی کے علاوہ سیاسی وفلاحی تنظیموں کے کارکنوں اور مختلف مکاتب کے لوگوں نے بھی کثیرتعدا د میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ مختلف بارہ بیماریوں خسرہ، تشنج، ٹی بی، کالی کھانسی، خناق، ٹائیفائیڈ روبیلا، نمونیا، کالا یرقان، گردن توڑ بخار، اسہال سے بچنے کیلئے اپنے دوسال تک کے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکہ جات لگواکر بڑی حد تک شرح اموات پر قابو پایا جاسکتا ہے جبکہ حفاظتی ٹیکہ جات نہ لگوانے کی صورت میں ان جان لیواء بیماریوں کے باعث ہر سال کثیر تعداد میں بچے موت کے آغوش میں چلے جاتے ہیں۔اسلئے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ان مہلک بیماریوں کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرکے اپنی قومی فریضہ کو احسن طریقے سے نبھایا جائے کیونکہ اکثر اموات ان بیماریوں کی وجہ سے غفلت برتنے کی صورت میں پیش آتی ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے بچوں کو پیدائش سے لیکر دوسال تک حفاظتی ٹیکہ جات کا کور س ضرور مکمل کروائیں۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رفیق حیات نے بتایا کہ ضلع مہمند میں 67فیصدحاملہ خواتین ابتدائی طورپر ٹیکہ جات کیلئے اتی ہے مگر بعد میں ٹیکہ جات کی کورسز کو ادھورا چھوڑ دیا جاتاہے جس کے باعث حفاظی ٹیکہ جات بھی غیر موثرثابت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی ضلع مہمند میں عوام کی سہولت کیلئے تمام مراکز کو فعال کردیا ہے جس میں محکمہ صحت کا عملہ بھرپور طریقے سے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔مہمندباجوڑ کے میڈیکل ایمرجنسی ریزیلنس فاؤنڈیش (ایم ای ار ایف)کے سپروایزرشاھدخان نے بتایاکہ ایم ای ارایف تحصیل صافی کی تین ویلج کونسل میں ٹیکہ جات اگاہی سمیت مامدگٹ ہسپتال میں صحت سہولیات کامیابی کیساتھ عوام کوفراہم کررہے ہیں۔