قبا ئلی ضلع باجوڑ میں غذائیت سے آگاہی کا عالمی مہینہ منایاگیا

باجوڑ:باجوڑ میں غذائیت سے آگاہی کا عالمی مہینہ منایاگیا۔ اس حوالہ سے باجوڑ ڈی ایچ کیو ہسپتال خار میں غذائیت آگاہی کے بارے میں پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار باجوڑ میں غذائیت آگاہی کے حوالے سے نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پرائم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عالمی مہینہ مارچ کے حوالہ سے پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔جس میں ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شفیق،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرصادق زمان اور ایم این سی ایچ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شفیق، صلاح الدین، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ احتشام الحق اور دیگر نے کہا کہ مرد وخواتین کیلئے ہر عمر میں غذائیت کی ضرورت ہے، بعض لوگوں میں وٹامنز کی کمی ہوتی ہے جس کے حوالے سے کسی کو پتانہیں چلتا۔لوگوں کو چاہئے کہ وہ نزدیک ہیلتھ سنٹر میں جاکر اپنا معائنہ کرائیں۔ ڈسٹرکٹ نیوٹریشن منیجر صلاح الدین نے کہا کہ مردوں کو چاہئے کہ وہ اپنی خواتین کی غذائیت کا خاص خیال رکھیں جب خواتین کی غذائیت پوری ہوگی تو ان کے بچے صحت مند ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مارچ کا مہینہ ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے حوالے سے منایاجاتاہے۔ اور اس کا مقصد حمل سے لے کر دو سال تک کی عمر تک بچوں اور ماں کی صحت، نگہداشت اور غذائیت کے بارے آگاہی اور معلومات فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ حمل کے دوران51فیصد خواتین خون کی کمی کا شکارہوتی ہیں جسکی وجہ سے دس میں ایک بچہ غذائی کمی سے مرجاتاہے اور یہ شرح انتہائی خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند بچہ معاشرے کیلئے کارآمد شہری ثابت ہوتاہے۔