قبا ئلی ضلع شمالی وزیر ستان کے 300 طلباء میں سپورٹس کٹس تقسیم

شمالی وزیر ستان: کمیونٹی ریزیلینس ایکٹویٹی نارتھ (سی آر اے ۔ نارتھ) پروگرام نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے انتہا پسندی سے متاثرہ دور افتادہ سرحدی علاقوں میں مقامی مسائل و تنازعات کے حل، معاشرتی محرومیوں کے خاتمے اور مقامی لوگوں کی سماجی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ مقامی لوگوں میں سماجی برداشت و ہم آہنگی، باہمی روابط کو فروغ اور علاقائی امن و استحکام کو تقویت دی جا سکے۔ اس سلسلے میں سی آر اے ۔ نارتھ پروگرام ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان کے ساتھ مل کرضلع کے مختلف علاقوں میں متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ جن میں مختلف طبقات میں سماجی ہم آہنگی، برداشت اور امن وامان کی فضا قائم کرنے اور مقامی نوجوانوں کو مثبت اور تعمیر ی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف سرکاری سکولوں اور مدارس کے طلباء کیلئے مختلف کھیلوں پر مشتمل ایک ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی سی شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔اس منصوبے کے تحت سکولوں اور مدارس کے تین سو سے زائد طلبا کو سپورٹس کٹس بھی فراہم کئے گئے۔ توقع ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں سکولوں اور مدارس کے طلباء کے ملنے جلنے اور ایک ساتھ کھیلنے سے ان کے مابین امن و امان اور سماجی ہم آہنگی پیدا ھو گی۔ اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کس جذبہ پیدا ہو گا۔