پی ڈی ایم اے نے شمالی وزیرستان اورخیبرکے متاثرین کیلئے 32 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کردیئے

پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم ای)خیبر پختونخواہ نے شمالی وزیرستان اور خیبر ضلع کے متاثرین کیلئے مجموعی طور پر تقریبا 32کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کردئے جوکہ آئندہ ایک دو دنوں میں حسب معمول ہر رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ خاندان کو ان کے رجسٹرڈ موبائل سم پرمیسیجز کے ذریعے سے موصول ہو جا ئینگے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلا میئے کے مطابق شمالی وزیرستان کے پندرہ ہزار 229 خاندانوں کو 12 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے ماہانہ گذارہ الاونس جبکہ 8 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے بطور راشن الاونس دئے جا رہے ہیں اس طرح ضلع خیبر کے متاثرین کے ایک ہزار سے زائد رجسٹرڈ متاثرین خاندانوں کو آٹھ ہزار روپے فی خاندان بطور راشن الاونس دئے جا رہے ہیں۔اعلامیئے کے مطابق شمالی وزیرستان کے متاثرین کو ماہانہ گذارا الاونس کی مد میں یہ 91ویں قسط ہے جو آپریشن ضرب عضب سے اب تک جاری کئے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی وزیرستان کے حال ہی میں افغانستان سے واپس آئے ہو ئے تین ہزار سے زائد متاثرین خاندانوں کو بھی نادرا سے تصدیق کے بعد فی خاندان 12 ہزار روپے اور راشن کے آٹھ ہزار روپے دئے جا رہے ہیں۔ مذکورہ امدادی رقوم بے گھر خاندانوں کی مالی معاونت کے سلسلے میں دی جا رہی ہیں تاکہ ان کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔