وزیراعلیٰ محمود خان قبا ئلی اضلاع کی ترقی میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں،بیرسٹرسیف

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے آزاد صحافت کی ترویج اور صحافیوں کو دی جانے والی سہولیات و آسانیاں مقدم رکھی ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں پریس کلبز کو مراعات کی ترسیل جاری ہے، صحت سہولیات،بے روزگاری مکاؤ اور جاب سیکیورٹی کے حوالے سے کئی اہم اقدامات عملی ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے جمرود پریس کلب کے وفد سے اپنے آفس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ظاہر شاہ صدر جمرود پریس کلب کی صدارت میں وفد نے معاون خصوصی بیرسٹر سیف کو جمرود پریس کلب دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔ضم شدہ اضلاع میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے کہا کہ ضم اضلاع میں پریس کلبز کی سطح پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا نے گرانٹس دی ہیں تاکہ دیگر اضلاع کی طرح ضم اضلاع میں بھی صحافی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان بھی ضم اضلاع کی ترقی میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے وہاں ہر سیکٹر میں ترقی کا پہیہ چل پڑا ہے،پریس کلبز کو دی جانے والی مراعات کی صحافی برادری کاغذی کارروائی مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ پریس کلبز کو کاغذی کارروائی مکمل کرنے میں چیلنجز ہیں،ضلع خیبر میں واقع تمام پریس کلبز کے خصوصی دورے کا ذکر کرتے ہوئے معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بہت جلد ضلع خیبر کے دورے پر آؤں گا جہاں پریس کلبز اور صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے صحافیوں نے سخت حالات میں رپورٹنگ کرکے عوامی مفادات کا تحفظ کیا ہے جو قابل تعریف ہے اس لیے موجودہ صوبائی حکومت نے بھی ضم اضلاع میں صحافیوں کے لیے مراعات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا ہے۔