لاہور قلندرز ٹیم اونر رانا عاطف کی ونر ٹرافی کے ہمراہ لنڈی کوتل آمد، علاقے کی عوام کیجانب سے والہانہ استقبال کیا گیا

خیبر: لاہور قلندرز کرکٹ ٹیم کے اونر رانا عاطف اور ٹیم کے کوچ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر عاقب جاوید، پی ایس ایل کرکٹ ٹورنمنٹ کی ونر ٹرافی کے ہمراہ لنڈی کوتل ملک دریاخان آفریدی کے حجرہ پہنچ گئے۔ لاہور قلندرز ٹیم کے اونرز اور کوچ و دیگر آفیشل کا لنڈی کوتل کے ملک دریاخان آفریدی اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے حجرہ میں پہنچنے پر علاقے کی عوام کیجانب سے والہانہ استقبال کیا گیا۔لاہور قلندرز کے اونر کی ونر ٹرافی لانے کے موقع پر ممتاز قبائلی رہنما ملک دریاخان آفریدی، پاکستان کرکٹ ٹیم مایا ناز سٹار باؤلر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے والد ملک ایاز آفریدی، سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی ان کے بھائی پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر قمر عباس آفریدی زڑگئی پاکستان کے چیئر مین شاکر آفریدی اور دیگر مشران نے ونر ٹرافی اٹھا کر خوشی کا اظہار کیا۔لاہور قلندرز کرکٹ ٹیم کے اونر عاطف رانا اور کوچ سابق کرکٹر عاقب جاوید اور دیگر آفیشل نے ضلع خیبر لنڈیکوتل پہنچنے پر عوام کی طرف سے والہانہ استقبال پر مشران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ دورہ لنڈیکوتل کے موقع پر لاہور قلندرز کے کوچ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 7میں کامیابی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور دیگر ٹیم کے کھلاڑیوں کی بہتر حکمت عملی اور محنت کا نتیجہ تھی جس کے بعد ٹیم نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ انہوں نے کہا اگر پاکستان میں والدین اپنے بچوں کو بہتر تربیت دیں تو پاکستان کرکٹ ٹیم اور ملک میں شاہین شاہ آفریدی کی طرح بہت سے کرکٹرز کو آگے جانے کے مواقع مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہوں نے ہمیشہ کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس کی زندہ مثال پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی ہیں جوکہ پورے ملک اور قوم کے لئے فخر کا مقام ہیں۔سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ قبائلی اضلا ع میں سپورٹس گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث کھلاڑیوں کو کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات کا سامناہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں دو سال پہلے لاہور قلندرز کے لئے کرکٹ کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے تھے اور آئندہ بھی قبائلی علاقوں کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے جائیں گے تاکہ یہاں کے کھلاڑیوں کوکرکٹ کے مزید مواقع مل سکیں۔