خیبر:وفاقی حکومت تیراہ کے مختلف علاقوں میں واپس آنے والے تمام متاثرین کی مدد کیلئے پرعزم ہے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

خیبر:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نےخیبر قبائلی ضلع میں وادی تیراہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے طویل عرصے کے بعد گھر واپس آنے والے ہزاروں بے گھر خاندانوں کا خیرمقدم کیا۔ تیراہ میں ڈاکٹر ثانیہ کے ساتھ پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے پی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین سے بھی بات چیت کی اور ان کی ضرورت کا جائزہ لیا۔”میں تیراہ کے بے گھر ہونے والے خاندانوں کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں جنہیں عسکریت پسندی اور فوجی آپریشن کے بعد گزشتہ 12 سالوں سے اپنے گھروں سے دور رہنا پڑا۔یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ وادی تیرہ میں زندگی اب معمول پر آ رہی ہے۔ وفاقی حکومت تیراہ کے مختلف علاقوں میں واپس آنے والے تمام متاثرین کی مدد کے لئے پرعزم ہے۔تیراہ میں ڈاکٹر ثانیہ نے احساس رجسٹریشن ڈیسک کھولنے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ احساس کی نقد امداد کی ضرورت والے خاندانوں کی رجسٹریشن کے لئے وادی میں احساس کی شاک رسپانسیو رجسٹری چلائی جا رہی ہے۔وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق لوگوں تک پکا ہوا کھانا پہنچانے کے لئے احساس کا ایک فوڈ ٹرک بھی تیراہ میں متحرک کر دیا گیا ہے۔