خیبر: خیبر پختونخوا پولیس شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے،آئی جی پی معظم جاہ انصاری

خیبر :انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ بنیادی تربیت کا حصول جوانوں کے پیشہ ورانہ کیریئرمیں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، 26 ہزار لیویز اور خاصہ داروں میں سے اب تک 22 ہزاراہلکاروں کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے ، باقی اہلکاروں کو جون کے آخر تک بنیادی تربیت فراہم کی جائیگی، جوان تربیت کے دوران حاصل کردہ علوم کے ساتھ عوام کی بہتر خدمت کے لئے میدان میں اتریں۔یہ با ت انہوں نے شاہ کس پولیس ٹریننگ سنٹر میں لیویز اور خاصہ داروں کی چوتھی پاسنگ آوٹ پریڈکے شرکا سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے جس کے کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی پی رینک کے افسروں و جوانوں نے بیش بہا قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیاہے۔آئی جی پی نے پریڈ کے شرکاءسے کہا کہ آپ ایک محنت طلب اور سخت تربیت کامیابی سے مکمل کرکے فیلڈ ڈیوٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اور ان پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل کرد ہ تما م تر علم و مہارت قانون شکن عناصر کی سرکوبی اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے پر صرف کریں اور جہاں بھی تعینات ہوں عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ مظلوم کی دادرسی کو اپنا نصب العین بنا ئیں اور عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرکے پولیس پر عوام کا اعتماد بڑھائیں۔آئی جی پی نے نے پاک فوج کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے انسٹرکٹرز نے پہلے اور دوسرے بیجز کے 14 ہزار لیویزاور خاصہ داروں کو بنیادی تربیت فراہم کی۔ آئی جی پی نے پاس ہونے والے جوانوں کو فراہم کردہ تربیت کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاس ہونے والے جوان حاصل کردہ تربیت کو بہتر طور پر استعمال میں لاکر وابستہ توقعات پر پورا اتریں گے۔آئی جی پی نے کہا کی 26 ہزار لیویز اور خاصہ داروں میں سے اب تک 22 ہزاراہلکاروں کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے جبکہ باقی ماندہ اہلکاروں کو رواںسال جون کے آخر تک بنیادی تربیت فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پی نے صوبائی حکومت کا ضم شدہ اضلاع میں معیاری پولیسنگ اور سابقہ لیویز و خاصہ داروں کی تربیت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور بھر پور تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔آئی جی پی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کی ۔ آئی جی پی نے تربیت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو بیجز لگائے۔ جن میں اسرار اللہ ضلع مہمند کو بیسٹ اِن پریڈ، کشور علی ضلع خیبر کو بیسٹ اِن لا، صابر علی ضلع خیبر کو بیسٹ اِن فائر، صدام حسین ضلع خیبر کو بیسٹ اِن ٹرن آوٹ اور نواب آفریدی ضلع خیبر کو آل راونڈ بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔ قبل ازیں آئی جی پی نے جیپ میں سوار ہو کر پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت مکمل کرنے والے پولیس اہلکاروں سے سلامی لی۔پاسنگ آوٹ پریڈ میں ضلع خیبر اور مہمند کے مجموعی طور پر 498 جوانوں نے شرکت کی۔