مہمند: حکومت قبا ئلی اضلاع کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے، ڈاکٹر امجد علی

مہمند: وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا دور بائیزئی ضلع مہمند، عمائدین و مشران کے مشاوراتی اجلاس سے خطاب و رہائشی منصوبے کا اعلان۔ ضلعی انتظامیہ کو مہمند سب ڈویژن خوئیزئی و بائیزئی میں رہائشی منصوبہ کیلیے اراضی مختص کرانے کی ہدایات۔گزشتہ روز صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی خان نے ضلع مہمند خوئیزئی و بائیزئی سب ڈویژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیفران سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور ایم این اے ساجد مہمند، ڈپٹی کمشنر مہمند غلام حبیب و اسسٹنٹ کمشنرز ضلع مہمند، علاقہ عمائدین ومشران بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے ضلع مہمند میں رہائشی منصوبے کا بھی اعلان کیا اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو خوئیزئی بائیزئی سب ڈویژن میں اراضی مختص کرانے کی بھی ہدایت کی۔ضلع مہمند میں(اے آئی پی) تیز تر ترقیاتی پروگرام فیز ٹو کے بارے میں کمیونٹی مشاروتی اجلاس سے خطاب کرتے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت قبا ئلی اضلاع کی تیز تر ترقی و خوشحالی کیلیۓ عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام سے پہلے قبائلی علاقے مکمل طور پر نظرانداز کئے گئے تھے جبکہ انضمام کا مرحلہ بطریق احسن نبھانا بھی ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس کو موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران کی قیادت میں پورا کیا۔ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا کہ وفاقی و صوبائی قا ئدین کی خصوصی ہدایات پرصوبا ئی وزراء و معاونین ضم قبا ئلی اضلاع کے دورے کر رہے ہیں تاکہ قبائلی عوام کیساتھ مل بیٹھ کر ان کے مسا ئل کے حل و ترقی کیلیۓ باہمی مشاورت سے عملی اقدامات اٹھائی جاسکے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ضم قبائلی اضلاع میں دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اول تین سالہ مرحلہ کامیابی سے پورا ہوا اور اب دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبا ئلی علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہو گئے اور یہاں کے پسماندگی کا دور ہمیشہ کیلیۓ ختم ہورہا ہے۔