قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے اور مسائل کی نشاندہی کیلئے مشاورتی اجلاس کا انعقاد

مہمند:ضم اضلاع کی معاشی ترقی پروگرام (اے آئی پی فیز 2) کے سلسلے میں ضلع مہمند بائزئی میں صوبائی حکومت کے احکامات کے تحت مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں ضلع کے اندر نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ منعقد اجلاس میں رکن قو می اسمبلی ساجد خان مہمند،صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی، ڈپٹی کمشنر غلام حبیب، ڈی پی او مہمند صلاح الدین کنڈی تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، دیگر افسران، صحافی برادری اور مشران نے شرکت کی۔ جرگہ ممبران کو گزشتہ تین سالوں سے اے آئی پی پروگرام کے تحت ضلع مہمند کے اندر ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس خصوصی مشاورتی اجلاس میں آنے والے تین سالوں کے دوران مہمند میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے قبائلی مشران، منتخب نمائندوں اور دیگر شرکاء سے مشاورت کرکے قیمتی تجاویز لی گئیں۔اس موقع پر قبائلی مشران نے آنے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر غلام حبیب نے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مجھے مہمند کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کا بخوبی ادراک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔اے آئی پی فیز 2 کے تحت جنڈولہ ٹانک اور لکی مروت میں بھی مشاورتی اجلاس ہوا۔