جنوبی وزیر ستان: ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوامی مسائل حل ہونگے،ایم این اے جمال الدین

جنوبی وزیر ستان: ضلع جنوبی وزیرستان کے سب ڈیویژن سرویکئی میں کمیونٹی مشاروتی اجلاس منعقد ہُوا جس میں منسٹر لوکل گورنمنٹ صوبہ خیبر پختونخوا فیصل امین گنڈاپورنے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ضلع جنوبی وزیرستان کے ایم این اے جمال الدین ، ایم پی اے عصام الدین اور ایم پی اےانیتہ محسود نے ضلع کی نمائندگی کی۔ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی وزیرستان امجد معراج نے مہمانانِ گرامی اور ملک مشران کو خوش آمدید کہنے کے بعد مشاورتی سیشن پر بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کشمیر خان نے اے آئی پی پروگرام کے دوسرے مرحلے کے چیدہ نکات پر مشران کو پریزنٹیشن دی، جس کے بعد مشران نے علاقائی مسائل بیان کرتے ہُوئے سرویکئی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر درکار ترقیاتی منصوبوں سے حکومتی نمائندوں کو آگاہ کیا۔ایم این اے جمال الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہُوئے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے کیونکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوامی مسائل حل ہونگے۔ایم این اے انیتہ محسود نے حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور آئندہ کیلئے علاقے کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز دیں۔آخر میں منسٹر لوکل گورنمنٹ جناب فیصل آمین نے مشران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُنکے تمام مسائل کو نوٹ کیا گیا ہے اور متعلقہ حکام سے اِن تمام تجاویز پر بات کریں گے تاکہ اے آئی پی فیز ٹو عوام کی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جائے۔پروگرام میں اسسٹنٹ کمشنر سرویکئی اعجازاختر نے سٹیج سیکرٹری کی خدمات انجام دیں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنی آراء سے آگاہ کیا۔مہمانِ خصوصی کو روایتی قبائلی پگڑی بھی پہنائی گئی۔