قبا ئلی اضلاع کی معاشی ترقی پروگرام کے سلسلے میں لوئر کرم صدہ میں مشاورتی اجلاس

کرم:معاشی ترقی پروگرام (اے آئی پی فیز 2) کے سلسلے میں لوئر کرم صدہ میں صوبائی حکومت کے احکامات کے تحت مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں ضلع کرم کے اندر نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ صدہ جرگہ ہال میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر انڈسٹری اینڈ کامرس عبدالکریم خان،ڈپٹی کمشنرکرم واصل خٹک، اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم فضل ودود صافی، اسسٹنٹ کمشنر سنٹرل کرم شاہ وزیر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہروز رشید، ڈی ایس پی پولیس سنٹرل کرم محمدی خان تمام لائن محکمہ جات کے سربراہان، صحافی برادری اور قبائلی مشران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کرم واصل خٹک نے قبائلی مشران کو گزشتہ تین سالوں میں اے آئی پی پروگرام کے تحت ضلع کرم میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس خصوصی مشاورتی اجلاس میں آنے والے تین سالوں کے دوران ضلع کرم میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کے حوالے تفصیل پیش کیا۔ قبائلی مشران اور دیگر شرکاء سے مشاورت کرکے قیمتی تجاویز لےلی گئیں۔ اس موقع پر قبائلی مشران حاجی سلیم خان صدہ، ملک عبدالولی،سید جاوید علیشاہ ابراہیم زئی اور ملک نیاز بادشاہ وغیرہ نے لوئر کرم کے بنیادی مسائل جس میں بجلی، ہیلتھ، تعلیم، روڈزاور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تجاوزیر پیش کئے۔ڈپٹی کمشنر کرم واصل خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے تجاویز کو ایک رپورٹ کی شکل میں صوبائی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔ تاکہ یہ ترقیاتی پراجیکٹس اے آئی پی فیز-2 میں شامل ہوکر علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں ایک اہم باب ثابت ہو۔ مشاورتی پروگرام کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور بقاء کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔