پاراچنار: شجرکاری ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، انورزیب خان

کرم: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکوٰة وعشر سماجی بہبود وخصوصی اورترقی خواتین انورزیب خان نے گورنر کاٹیج پاراچنار ضلع اپر کرم میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کیا صوبائی وزیر نے پودا لگانے کے بعد میڈیا سے باچیت کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوام بھی کردار ادا کریں کیونکہ شجرکاری کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور انکی باقاعدہ دیکھ بھال کے ذریعے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور ماحول کو آلودگی سے پاک رکھا جاسکتاہے انہوں نے کہا کہ عوام دوست ماحول اور پاک فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں ، گلوبل وارمنگ کے اثرات کو ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان شجرکاری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ صحت مند معاشرے کیلئے صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول ناگزیر ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق شجرکاری کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔