سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام میں آپریشن کیا، آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھا، دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔