وزیر ستان: تیز تر عمل درآمد ترقیاتی پروگرام کے تحت میرعلی اور لدھا میں الگ الگ مشاورتی اجلاس

پشاور: تیز تر عمل درآمد ترقیاتی پروگرام (اے آئی پی فیز 2) کے سلسلے میں میرعلی سب ڈویژن میں صوبائی حکومت کے احکامات کے تحت مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں ضلع کے اندر نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ میرعلی جرگہ ہال میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) دولت خان اسیر، اسسٹنٹ کمشنر میرعلی شاہد رفیق گنڈا پور، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر میرعلی زید صافی، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، صحافی برادری اور اتمانزئی قبائل کے مشران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے جرگہ ممبران کو گزشتہ تین سالوں میں اے آئی پی پروگرام کے تحت میر علی سب ڈویژن شمالی وزیرستان میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس خصوصی مشاورتی اجلاس میں آنے والے تین سالوں کے دوران شمالی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے تفصیل پیش کی گئی اور قبائلی مشران اور دیگر شرکاء سے مشاورت کرکے قیمتی تجاویز لی گئیں۔اس موقع پر قبائلی مشران ملک گل صالح جان، ملک وکیل خان، ملک اکبر خان، ملک ریاض، یوتھ نمائندہ گان اور تاجر برادری کے نمائندہ گان نے میرعلی سب ڈویژن کے بنیادی مسائل جس میں ٹی ایچ کیو ہسپتال میرعلی کی آپ گریڈیشن۔ میرعلی بازار معاوضہ، تحصیل روڈ، حیدر خیل روڈ کی آباد کاری، پانی کی سکیموں، گرلز ڈگری کالج، یونیورسٹی اور دیگر ضروریات پیش کی گئی۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی تجاویز کو ایک رپورٹ کی شکل میں صوبائی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔ تاکہ ان کو اے آئی پی فیز-2 میں شامل کر کے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مشاورتی پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے اے آئی پی فیز 2 کے لیے جمہوری طرز پر ترقیاتی کاموں کے لیے رائے لینے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا، دریں انثاء )ضم اضلاع کی تیزتر ترقی پروگرام کے سلسلے میں اے آئی پی فیز 2 کے تحت جنوبی وزیرستان کے سب ڈویژن لدھا میں دوسرا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے میں ترقیاتی پروگرام کو مزید وسعت دینے کے بارے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی رائے لی گئی۔جنوبی وزیرستان میں میں اے آئی پی فیز 2 کے سلسلے کا دوسرا مشاورتی اجلاس کیڈٹ کالج سپینکئی تحصیل سراروغہ میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان امجد معراج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، علاقائی مشران، نوجوان اور صحافیوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر امجد معراج نے اجلاس کے شرکاء کو ضلع جنوبی وزیرستان اور بالخصوص محسود قبائل کے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے خصوصی احکامات کے تحت ضلع جنوبی وزیرستان کے طول و عرض میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے ملک و قوم کیلئے محسود قوم کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محسود قوم نے پاکستان کے لئے بے شمار قربانیاں دیں اور وطن عزیز کی دفاع کیلئے مستقبل میں بھی یہاں کے قبائل ہمہ وقت تیار ہیں۔مشاورتی اجلاس کے منتظمین نے شرکاء کوبتایا کہ اس سیشن کا بنیادی مقصد اے آئی پی فیز 2 منصوبوں کیلئے مقامی لوگوں سے تجاویز اکھٹی کرنا ہیں تاکہ علاقے میں ترقیاتی کام عوام کی ضروریات و ترجیحات کے مطابق ترتیب دیے جائیں۔ علاقے میں ترقیاتی کاموں کے دائرہ کار کو بڑھانے کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں محسود قوم کے مشران اور نوجوانوں نے خصوصی دلچسپی لی اور جنوبی وزیرستان کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مفید مشورے دیے۔ڈپٹی کمشنر امجد معراج نے اپنے اختتامی کلمات میں مشران، مقامی لوگوں اور نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو اے آئی پی فیز-2 میں شامل کیا جائے گا اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ترقیاتی سکیموں کی منظوری عوام کی ضروریات و ترجیحات کے مطابق دی جائے۔