وزیر ستان: تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا

وزیر ستان:مستقل مزاجی آپ کا اور آپ کے بچوں کا وہ قیمتی بیش قیمت اثاثہ ہے جو آپ کو کبھی بھی نادم نہ ہونے دے گا ، اس لئے اپنے بھی اور اپنے بچوں کے بھی ہوم ورک اور اسکلز ڈیویلپمنٹ کے لئے شیڈول بنائیں۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو عین امتحانات کے وقت بچے کی ذہنی صلاحیتیں مفلوج ہو سکتی ہیں اور بچے کے ساتھ ساتھ آپ بھی ڈپریشن اور مایوسی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا مستقل مزاجی اور وقت کی پابندی کو کبھی نہ بھولیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے افسران نے شمالی وزیر ستان کے مختلف علاقوں کے اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں اور والدین کو تعلیم بارے آگاہی دیتے ہو ئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ پڑھ لکھ کر قابل انسان بن جائے۔ بعض بچے ذرا سی توجہ سے اچھے نتائج حاصل کر لیتے ہیں مگر کچھ بچے ایسے بھی ہوتے ہیں جو اچھے اسکول میں پڑھنے اور بہترین ٹیوشن سنٹر سے ٹیوشن حاصل کرنے کے باوجود پڑھنے لکھنے میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ ایسے بچوں پر اگر والدین خصوصی توجہ دیں تو وہ دوسرے ذہین بچوں کی طرح بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں ،انہوں نے والدین پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ تعطیلات میں بچوں کی تربیت، انفرادی اصلاح، گھر کے ماحول کی بہتری، اور بچوں کی کردار سازی کے لیے باقاعدہ منصوبہ بنا کر ایک مربوط شیڈول ترتیب دینا چاہیے تاکہ بچے فرصت کے ان لمحات کو بہترین انداز میں صرف کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے معماران قوم کا کردار بہت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہمارا نوجوان اور ہمارے طلباء پاکستان کا سرمایہ ہیں تعلیم کسی بھی معاشرہ کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے .کیونکہ تعلیم ہمارے بچوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اس لئے نوجوان تعلیم پر توجہ دیں تاکہ ہمارا نوجوان پڑھ لکھ کر ملک اور قوم کا نام روشن کرنے کے قابل ہو سکیں،انہوں نے کہا کہ وزیر ستان کے طلباء تعلیم پر توجہ دیں اور شرپسندی سے اپنے آپ کو بچائیں تاکہ ہم سب ملکر پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا سکیں ۔