قبائلی اضلاع میجر گیمز میں ایتھلیٹکس مقابلے اختتام پذیر

پشاور:ضلع خیبر نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیر اہتمام جاری ضم اضلاع گیمز کا اتھلیٹکس ایونٹ جیت لیا۔ باجوڑ نے دوسری اور کرم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداﷲ شاہ نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کئے ۔ ان کے ہمراہ ایڈمن آفیسر وفوکل پرسن اعوان حسین ، ضلع خیبرایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری مشرف ، ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس انٹر نیشنل ایتھلیٹ سید جعفر شاہ ، ایتھلیٹکس کوچ عامر اقبال سمیت دیگرشخصیات موجود تھیں ۔ خیبر نے 6گولڈ، 4 سلور ، 4 برونزمیڈلز اور 165 پوائنٹس، باجوڑ نے دو برونز اور 30 پوائنٹس جبکہ کرم نیتین سلور میڈلز اور 17 پوائنٹس حاصل کئے۔ دیگر اضلاع میں مہمند نے ایک گولڈ، ایک سلور اور 17 پوائنٹس، جنوبی وزیرستان نے دو برونز میڈلز اور 10 پوائنٹس جبکہ اورکزئی نے ایک گولڈ اور 10 پوائنٹس حاصل کئے۔ خیبر نے شاٹ پٹ ڈسکس تھرو، 800 میٹر دوڑ، لانگ جمپ، 400 میٹر دوڑ، 100 میٹر دوڑ، 1500 میٹر دوڑ میں گولڈ، 200 میٹر دوڑ، شاٹ اور جیولن تھرو میں سلور میڈلز جبکہ 200 میٹر دوڑ، 400 میٹر دوڑ، 100 میٹر دوڑ اور 1500 میٹر دوڑ میں برونز میڈلز جیتے۔ باجوڑ نے ڈسکس تھرو اور 800 میٹر دوڑ میں برونز میڈلز، مہمند 200میٹر دوڑ میں گولڈ اور 100 میٹر دوڑ سلور میڈلز، کرم نے 800 میٹر دوڑ، 400 میٹر دوڑ اور 1500 میٹر دوڑ میں سلور میڈلز جیتے۔شاٹ پٹ میں خیبر کے کاشف نے پہلی، خیبر ہی کے عارف خان نے دوسری، اور جنوبی وزیرستان کے اللہ حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 200 میٹر دوڑ میںمہمند کے انس نے پہلی، خیبر کے ساحر نے دوسری اور خیبر ہی کے شکیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔