قبا ئلی اضلاع کی معاشی ترقی پروگرام، جنوبی وزیرستان میں مشاورتی اجلاس

جنوبی وزیر ستان: ضم اضلاع کی معاشی ترقی پروگرام (اے آئی پی فیز 2) کے سلسلے میں جنوبی وزیرستان کے صدرمقام وانا میں صوبائی حکومت کے احکامات کے تحت مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں ضلع کے اندر نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر وانا کے جرگہ ہال میں منعقد اجلاس میں ایم پی اے نصیراللہ وزیر، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان امجد معراج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کشمیر خان، اسسٹنٹ کمشنر وانا بشیر خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وانا ڈاکٹر صادق علی، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، دیگر افسران، صحافی برادری اور احمد زئی وزیر قبائل کے چیدہ چیدہ مشران نے شرکت کی۔یو این ڈی پی کے نمائندے عمر خٹک نے جرگہ ممبران کو گزشتہ تین سالوں سے اے آئی پی پروگرام کے تحت جنوبی وزیرستان کے اندر ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس خصوصی مشاورتی اجلاس میں آنے والے تین سالوں کے دوران جنوبی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے قبائلی مشران، منتخب نمائندوں اور دیگر شرکاء سے مشاورت کرکے قیمتی تجاویز لی گئیں۔اس موقع پر قبائلی مشران ملک شیرین جان وزیر، ملک رحمت اللہ، ملک غفار وزیر، ملک سیف اللہ اور ملک یار محمد وزیر و دیگر نے آنے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ علاقے سے پی ٹی آئی کے منتخب ایم پی اے نصیراللہ وزیر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ احمد زئی وزیر کے مشران نے امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے عوام کے مسائل اور مشکلات کا علم ہے اور یقین دلایا کہ ضلع کے تمام مسائل کو مل جل کر حل نکالیں گے۔ ایم پی اے نصیراللہ وزیر نے کہا کہ جو منصوبے میں نے دیے ہیں ان میں بعض پر کام مکمل ہوچکا ہے اور بعض پر کام جاری ہے اور امید ہے کہ ضلع کے طول و عرض میں عنقریب دیگر بڑے منصوبوں پر بھی کام شروع ہوجائے گا جن میں سڑکیں، چیک ڈیمز، سکولز اور ہسپتالوں کے علاوہ آبپاشی اور آبنوشی کے منصوبوں سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان امجد معراج نے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مجھے جنوبی وزیرستان کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کا بخوبی ادراک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ شدید مشکلات سے گزرے ہیں اور مجھے ان کی قربانیوں کا علم ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ آنے والے تمام منصوبے منظم طریقے سے مکمل کئے جائیں گے۔