شمالی وزیرستان میں سالانہ تیز ترقیاتی پروگرام کے دوسرے مرحلے کیلئے مشاورتی جرگہ کا انعقاد

شمالی وزیرستان: شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں سالانہ تیز ترقیاتی پروگرام کے دوسرے مرحلے کیلئے ایک بڑا مشاورتی جرگہ منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ، یواین ڈی پی کے نمائندوں، قبائلی عمائدین، نوجوانوں، سیاسی و سماجی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ میرانشاہ کے تاریخی جرگہ ہال میں مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے پہلے فیز کے ترقیاتی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ اس جرگے کو بُلانے کا مقصد یہ ہے کہ سالانہ تیزترترقیاتی پروگرام (اینول ایکسلیریٹیڈ ایمپلیمینٹیشن پروگرام فیز 2) نکے پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے پر بھی کام شرو ع ہونے سے پہلے مقامی آبادی کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی رائے معلوم کی جا سکے تاکہ عوامی آراء کی روشنی میں مذکورہ پروگرام کو حتمی شکل دی جا سکے انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کا یہ عزم ہے کہ قبائلی علاقوں کو آنے والے دس سال کے اندر اندر ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لایا جا ئے گا جس میں اپ لوگوں کی رائے کو اہمیت دی جائیگی۔اجلاس کے شرکاء میں اس مقصد کیلئے فارم بھی تقسیم کئے گئے جس میں ہر ایک شریک رکن نے اپنے اپنے علاقوں کیلئے مذکورہ پروگرام میں ضرورت کے تحت منصوبوں کی نشاندہی کی۔ اجلاس سے یواین ڈی پی کے نمائندے نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ حکومت کا یہ پروگرام ہے کہ آنے والے تمام فنڈز کو مقامی آبادی کی رائے کے مطابق استعمال میں لایا جائے گا تاکہ کوئی مستحق علاقہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہ رہ جائے۔ اجلاس میں تمام شرکاء کو بھی اپنے اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا گیا جس میں دیگر مشران و نوجوانوں کے علاوہ چیف اف وزیرستان ملک نصراللہ خان وزیر بھی شامل تھے۔