خیبر: انتظامیہ اور قوم شلوبر کے مابین مذاکرات کامیاب، پاک افغان شاہراہ کھول دی گئی

خیبر:ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی قوم شلوبر بیسئی کرش پلانٹس بندش کے حوالے سے تحصیل باڑہ میں جرگہ کا انعقاد،بیسئی کرش پلانٹس پر عائد پابندی ختم کرکے پولیو بائیکاٹ اور پاک افغان شاہراہ ہر قسم ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے،جرگہ میں کمانڈنٹ باڑہ رائفل کرنل ندیم ، ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد ،ضلعی پولیس سربراہ عمران خان ، اسسٹنٹ کمشنر (باڑہ) نیک محمد بنگش، ممبر قومی اسمبلی اقبال افریدی، ممبر صوبائی اسمبلی شفیق افریدی اور مختلف اقوام کے جرگہ مشران نے شرکت کی.جرگہ میں کرش پلانٹس کی بندش، پولیو مہم سے بائیکاٹ، پاک افغان شاہراہ پر جاری دھرنے کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی جرگہ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیسئی کرش پلانٹس کی بندش پر عائد پابندی ختم کردی جائیگی۔ تمام پرانے کرش پلانٹس کو محکمہ ماحولیات اور محکمہ انڈسٹری کے مجوزہ قانون اور طریقہ کار کے تحت ایک مہینے میں رجسٹر کیا جائیگا جس کے لئے ضلعی انتظامیہ، سیکورٹی اداروں، محکمہ معدنیات،محکمہ انڈسٹری اور اقوام کے مشران پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ جرگہ میں قوم کی جانب سے جاری دھرنا فوری ختم کرکے پاک افغان شاہراہ کھولنے اور پولیو کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے.جرگہ کے فیصلے کے بعد اقوام کے مشران نے بیسئی کرش پلانٹس بندش ختم کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کا شکریہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد بنگش اور ممبر قومی اسمبلی اقبال افریدی نے جرگہ کے فیصلے کے بعد بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں۔