جنوبی وزیرستان: پاک فوج نے 22 سالوں سے بند بیسک ہیلتھ یونٹ کو دوبارہ فعال کردیا

جنوبی وزیرستان: پاک افغان بارڈر انگور اڈہ میں بیسک ہیلتھ یونٹ 22سال بعد دوبارہ فعال کردیا گیا، بیس سال بعد انگور اڈہ میں بند بیسک ہیلتھ یونٹ کو دوبارہ فعال کردیا گیا۔انگورآڈہ کے عوام نے عسکری قیادت کی اس کاوش کو سراہا ہے۔بریگیڈیئر عمران نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر پاک افغان بارڈر پر واقع بی ایچ یو دوبارہ فعال کرنے کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر انگوراڈہ ایریا انچارج محرر زمان ، کرنل عمران کے علاوہ علاقے کے عمائدین اور علماء کرام تقریب میں شریک تھے، بریگیڈیر عمران کا کہنا تھا، کہ جنوبی وزیرستان تحصیل برمل کے علاقہ انگوراڈہ ایک پسماندہ علاقہ ہے اس بی ایچ یو سے انگوراڈہ کے عوام مستفید ہوں گے۔ مقامی قبائلی مشرملک نندر خان نے کہا،کہ بی ایچ یو انگوراڈہ پچھلے 22 سال سے بند تھا لیکن ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے پھر فعال ہوا ہے، ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انگوراڈہ بی ایچ یو کے انچارج ڈاکٹر عارف وزیر نے کہا کہ میڈیکل سٹاف صبح 9 بجے سے شام 3 بجے تک اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گی، ہم یہاں پر بہترین سہولیات بہم پہنچانے کی کوشش کریں گے اور ملٹی نیشنل کمپنی کی فری ادویات اور ایمبولینس سروس یہاں کے لوگوں کو مہیا کی جائے گی جس سے یہاں کے لوگوں کو ہیلتھ سے متعلق مسائل سے چھٹکارا پانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے،کہ یہ بیسک ہیلتھ یونٹ ایک نان گورنمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے چلائی جارہی ہے،جس میں ممکن سہولیات مقامی لوگوں کو میسر ہوگی۔